حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیت اللہ نوری ہمدانی نے ایران میں میڈیکل کونسل کے سربراہ (Medical Council of the Islamic Republic of Iran) جناب ڈاکٹر محمد رئیس زادہ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کہا: اسلام میں تعلیم و تعلم کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ مذہبِِ اسلام نے تھوڑے ہی عرصے میں اسلامی ثقافت اور تہذیب کو دنیا میں ایک اعلیٰ اور ممتاز نمونہ کے طور پر متعارف کروایا لیکن بدقسمتی سے مسلمانوں کی غفلت اور مغربی دنیا کی مکاری کی وجہ سے اس نے مسلمانوں سے یہ علوم چھین لیے اور انہیں دوبارہ سیکولر کرنے کے بعد مسلمانوں کو واپس بھیج دیا اور آج تک ان کی پوری کوشش ہے کہ وہ مسلمانوں کو تمام جدید علوم سے دور رکھ کر انہیں پسماندگی کا شکار کریں حالانکہ یہ تمام علوم مسلمانوں کی کتابوں سے لیے گئے ہیں۔
اس مرجع تقلید نے اسلام میں صحت کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے مزید کہا: اسلام میں انسانی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے بہت سی ہدایات موجود ہیں جو مسلمانوں کو صحیح اسلامی طرز زندگی کا طریقہ بتاتی ہیں۔ اعتدال کے ساتھ کھانے کا حکم، ذاتی اور اجتماعی صحت کا خیال رکھنا، ورزش کرنا اور حرکت میں رہنا، رات کو جلدی سونا اور فجر کے وقت اٹھنا، ان اسلامی احکام کا حصہ ہے کہ جنہیں صحیح طریقے سے انجام دینے سے انسان کبھی مریض نہیں ہوتا اور یہ سب چیزیں اسلام کے کمال اور الوہیت پر مبنی مذہب ہونے کی علامت ہیں۔
حضرت آیت الله نوری ہمدانی نے اسلامی طرز زندگی کی تعلیم کو لوگوں کے لیے بہت ضروری قرار دیا اور کہا: لوگوں کو اسلامی طرز زندگی کی تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔ صرف زبان سے کہہ دینا کافی نہیں ہے اور اس کے لئے ماہر اور عوامی درد رکھنے والے ڈاکٹروں کی طرف سے مفید اور کارآمد اقدامات ہونے چاہئیں تاکہ لوگوں کی صحت اور زندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
آخر می اس مرجع تقلید نے معاشرہ میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے کام کی اہمیت کی طرف اشارہ کیا اور لوگوں کی جان کی حفاظت کے لئے طبی عملے کی طرف سے انجام دئے گئے اقدامات کو انتہائی قابل قدر اور نمایاں قرار دیا اور کہا: کسی بھی معاشرے میں لوگوں کی طبی امداد بہت اہمیت کی حامل ہوا کرتی ہے لہذا لوگوں کی جان کی حفاظت کے لئے قابل ڈاکٹروں کی دستیابی بہت ضروری ہے جس کے لئے آپ حضرات کو مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔